لاہور ہائیکورٹ نے ایس ایچ او کوٹ لکھپت کی 200 روپے جرمانے کی سزا معطل کردی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمے میں عدالتی ریکارڈ پیش نہ کرنے پر ٹرائل کورٹ کی جانب سے ایس ایچ او کوٹ لکھپت افضل رؤف کو سنائی گئی 200 روپے جرمانے کی سزا معطل کردی۔
جسٹس صادق محمود خرم اور جسٹس جواد ظفر پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے ایس ایچ او کوٹ لکھپت افضل رؤف کی اپیل پر سماعت کی۔ اپیل کنندہ کی جانب سے سابق سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار فرخ الیاس چیمہ نے دلائل پیش کیے۔
واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے منشیات کے ایک مقدمے میں ریکارڈ پیش نہ کرنے پر ایس ایچ او کوٹ لکھپت کو 200 روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، جسے انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے اپیل دائر کرنے سے متعلق دفتری اعتراض بھی ختم کردیا۔ اعتراض یہ تھا کہ اپیل کنندہ نے ٹرائل کورٹ کی جانب سے عائد کردہ جرمانے کی رقم جمع نہیں کرائی تھی۔
ایس ایچ او کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ جرمانے کی رقم بطور احتجاج جمع کرا دی جائے گی، جس پر عدالت نے اپیل باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا۔
بعدازاں عدالت نے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ایس ایچ او کوٹ لکھپت افضل رؤف کی 200 روپے جرمانے کی سزا معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اپیل پر مزید کارروائی کے لیے متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔



