مشکوک ایل ایل بی ڈگریوں کا معاملہ، پنجاب بار کونسل نے 125 وکلا کے لائسنس معطل کر دیے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب بار کونسل نے مبینہ طور پر مشکوک قانون کی ڈگریوں کے معاملے پر پنجاب بھر کے 125 وکلا کے لائسنس معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیے۔

چیئرمین پنجاب بار کونسل فخر حیات اعوان کے مطابق متعلقہ وکلا کو آئندہ سماعت پر اپنی اصل ایل ایل بی ڈگری اور اس کی تصدیق کے دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی وکیل مقررہ وقت پر پیش نہ ہوا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

فخر حیات اعوان کے مطابق شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی جانب سے فراہم کی گئی فہرست میں تقریباً 1200 وکلا کی قانون کی ڈگریوں کو مشکوک قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد پنجاب بار کونسل نے یونیورسٹی کے سرکلر کی روشنی میں جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

چیئرمین پنجاب بار کونسل نے واضح کیا کہ جعلی یا مشکوک اسناد رکھنے والے وکلا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی اور کسی بھی غیر قانونی عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button