فاٹااورپاٹا میں ٹیکس نفاذ کیخلاف 4 جولائی کی ہڑتال، پی ٹی آئی نے حمایت کا اعلان کردیا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف نے 4 جولائی کو فاٹا اور پاٹا میں ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف ہونے والی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر کا کہنا ہے کہ جب تک وفاقی حکومت این ایف سی میں قبائلی علاقوں کا حصہ نہیں دیتی، ہر سال سو ارب روپے کی ادائیگی اور وہاں کے شہریوں کو ٹیکس کی ادا کے قابل نہیں بناتی، فاٹا اور پاٹا کو ٹیکسز سے استثنی دیا جائے۔
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر تحریک انصاف جنید اکبر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بجٹ میں سابق فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس لگادیے ہیں، ہم سب کی ذمہ داری ہے ملکی ترقی میں کردار ادا کریں، ہم اپنی زمہ داری ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، ہم ٹیکس دینے سے انکاری نہیں، ریاست کا فیصلہ تھا کہ فاٹا اور پاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے، ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ قبائلی اضلاع کو سو ارب سالانہ دیا جائے گا، این ایف سی میں حصہ دیا جائے گا، وہاں طرز زندگی بہتر بنایا جائے گا ایسا کچھ نہیں ہوا، جو وعدے کیے گئے تھے وہ پورے نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اپنی زمہ داری پوری نہیں کررہا حالات بد سے بدتر ہورہے ہیں، امن وامان کی وجہ سے سرمایہ کار نہیں آرہے، صوبائی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے، صوبہ اپنے بجٹ سے قبائلی علاقوں میں فنڈز جاری کررہا ہے، خیبرپختونخوا کے لوگوں کا روزگار پاک افغان تجارت سے وابستہ ہے لیکن کئی عرصے سے پاک افغان سرحد بند ہے جس سے کاروبار متاثر ہورہا ہے، ایسے حالات میں فاٹا اور پاٹا کے عوام کیسے ٹیکس دیں گے، اگر ٹیکس لاگو کرنے کی کوشش کی گئی اس کا ردعمل آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 4 جولائی کو ہونے والی ہڑتال کی حمایت کرتی ہے ، ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف ہر احتجاج کا ساتھ دے گی، ہم مظاہرے بھی کریں گے، ہڑتال اور پہیہ جام بھی کریں گے، یہ ہمارا ملک ہے اور ہم ٹیکس بھی دیں گے لیکن فاٹا اور پاٹا کو ٹیکس ادائیگی کے قابل بنائیں۔



