ٹھٹھہ: سندھ ترقی پسند پارٹی کی احتجاجی ریلی، مطالبات کے حق میں مظاہرہ

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) کی جانب سے ضلعی صدر جلال شاہ کی قیادت میں مکلی پارک سے ڈپٹی کمشنر آفس ٹھٹھہ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے مختلف نعرے لگائے اور ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کیے۔

اس موقع پر ایس ٹی پی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ضلع ٹھٹھہ سمیت سندھ بھر سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کینجھر جھیل پر مبینہ غیر قانونی قبضے ختم کرنے، کینجھر ٹورازم کے منیجنگ ڈائریکٹر فیاض شاہ کو عہدے سے ہٹانے اور مقامی افراد کے خلاف ٹورازم انتظامیہ کی جانب سے درج مبینہ جھوٹے مقدمات واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ کے وسائل، زمین اور روزگار پر مقامی آبادی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

نوٹ: خبر میں شامل مطالبات اور الزامات سندھ ترقی پسند پارٹی کے رہنماؤں کے بیانات پر مبنی ہیں۔ متعلقہ سرکاری اداروں یا دیگر فریقین کا مؤقف سامنے آنے پر خبر کو اس کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button