صومالیہ میں جاں بحق اور زخمی پاکستانیوں کی وطن واپسی، وزیراعظم کی ہدایت پر اقدامات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صومالیہ میں جاں بحق اور زخمی پاکستانی شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق صومالیہ میں زخمی ہونے والے 4 پاکستانی شہری عثمان غنی، عقیل خان، امین بن شمس اور یاسر خان کو ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز ET-694 کے ذریعے کراچی روانہ کردیا گیا ہے۔

اسی پرواز کے ذریعے جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانی شہریوں رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری کے جسدِ خاکی بھی کراچی لائے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز ET-694 آج شام 4 بج کر 40 منٹ پر پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق کراچی پہنچے گی۔

ایتھوپیا میں پاکستان کے سفیر عاطف عزیز اور جبوتی میں پاکستان کی سفیر اقصیٰ نواز نے ادیس ابابا ایئرپورٹ پر زخمی پاکستانی شہریوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کو کراچی روانہ کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے تمام عمل کی خود مسلسل نگرانی کی اور متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں

Back to top button