ملک میں مہنگائی کی رفتار پھر تیز،22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ملک میں مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے اور حالیہ ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات ہفتہ وار مہنگائی کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی جس مین بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.79 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 15.16 فیصد تک پہنچ گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 14 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 15 اشیا کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق چکن کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا اور ایک ہفتے میں چکن 48 روپے 40 پیسے فی کلو تک مہنگا ہوگیا۔

اسی دوران آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 74 روپے 75 پیسے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، رپورٹ کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 47 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 56 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا۔

اس کے علاوہ دہی 4 روپے، دودھ 2 روپے 77 پیسے اور بیف 8 روپے 3 پیسے فی کلو مہنگا ہوگیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق مٹن، آلو، چائے، کیلے، کوکنگ آئل، پاؤڈر ملک اور سگریٹ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل رہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر، لہسن، انڈے، دال مسور، پیاز اور دال ماش کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چکن، پیٹرولیم مصنوعات، خام تیل اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے ہفتہ وار مہنگائی پر نمایاں اثر ڈالا ہے جبکہ تازہ دودھ، گوشت، مٹن اور آلو کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button