’’ایک اللہ،ایک رسولﷺ،ایک قرآن،ایک کلمہ،ایک قبلہ اورایک پہچان‘‘خصوصی نغمہ ریلیز

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے تینوں برادر اسلامی ممالک کے اتحاد، اخوت اور مشترکہ دفاعی عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ایک خصوصی ملی نغمہ جاری کر دیا۔
وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری کیے گئے اس خصوصی نغمے کے بول "ایک اللہ، ایک رسول ﷺ، ایک قرآن، ایک کلمہ، ایک قبلہ، ایک پہچان” تینوں ممالک کے مشترکہ دینی، روحانی اور تہذیبی رشتوں کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں، جبکہ نغمے میں "ترکیہ، سعودیہ اور پاکستان، اسلامی دنیا کے نگہبان” کا پیغام امت مسلمہ کے اتحاد، بھائی چارے اور اجتماعی دفاع کے عزم کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ خصوصی نغمہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، مذہبی، دفاعی اور اسٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ مستقبل کے وژن کو بھی نمایاں کرتا ہے۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ نغمے میں مسلم دنیا کے اتحاد، امن، استحکام اور باہمی تعاون کے پیغام کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے، جبکہ تینوں برادر ممالک کے عوام کے درمیان محبت، یکجہتی اور مشترکہ اقدار کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔
خصوصی نغمے کے ذریعے اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب ایمان، اخوت اور باہمی اعتماد کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور مستقبل میں بھی مشترکہ دفاع، علاقائی امن اور امت مسلمہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے مل کر آگے بڑھتے رہیں گے۔
سیاسی و سفارتی حلقوں کے مطابق مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد اس خصوصی نغمے کا اجرا نہ صرف تینوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی علامت ہے بلکہ یہ مسلم دنیا میں اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ سلامتی کے پیغام کو بھی مزید تقویت دیتا ہے۔



