پاکستان میں مہنگائی کی شرح 14.52 فیصد تک پہنچ گئی، ادارہ شماریات کی رپورٹ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)مہنگی پیٹرولیم مصنوعات کے منفی اثرات کے باعث ایک ہفتے کے دوران 0.47 فیصد اضافے کے ساتھ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 14.52 فیصد پر جا پہنچی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی۔ ایک ہفتے میں 23 اشیا مہنگی ہوئیں جبکہ صرف 9 کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ہفتہ وار بنیادوں پر ٹماٹر 22 فیصد سے زائد ، پیاز 3 اور گندم کا آٹا تقریباً 5 فیصد مہنگا ہو ا۔ کیلے تقریباً 2 فیصد مہنگے ہوئے، تازہ دودھ، چینی، آلو اور دہی بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
دوسری طرف ایک ہفتے میں چکن 6.34 فیصد اور انڈے 3.83 فیصد سستے ہوئے ۔ ایل پی جی کی قیمت میں 0.23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ سالانہ بنیادوں پر گندم کا آٹا 57 فیصد سے زائد جبکہ پیٹرول 64 اور ڈیزل 61 فیصد تک مہنگا ہوا۔



