صدرِ مملکت کی ایران کے نامزد سفیر کو پاک ایران تجارتی روابط اورعوامی تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ کی ہدایات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ایران کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر عمران احمد صدیقی کو ہدایت کی ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط، عوامی سطح پر تعلقات اور زائرین کی سہولت کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں۔
ایوانِ صدر میں ملاقات کے دوران صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ تاریخ، ثقافتی ہم آہنگی اور طویل سرحدی روابط پر مبنی ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قانونی اور جائز سرحدی تجارت کو فروغ دینے، تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ ایران میں سول سوسائٹی، طلبا اور مقامی رہنماؤں سے فعال روابط قائم کریں اور پاکستانی کمیونٹی، طلبا اور کاروباری افراد کی فلاح و بہبود کے لیے قونصلر خدمات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
صدرِ مملکت نے خطے کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ایران کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے عمران احمد صدیقی کو سفیر نامزد ہونے پر مبارکباد بھی دی اور امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔



