تاریخی معاہدہ مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنائے گا، آصف علی زرداری

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے **مکہ مشترکہ دفاعی معاہدےکا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خطے اور دنیا میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی جہت دے گا اور مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے، جبکہ اس سے تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔
صدر آصف علی زرداری نے معاہدے کو ممکن بنانے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اہم پیش رفت کو ممکن بنانے میں ان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔
صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ نہ صرف خطے میں امن و استحکام کو فروغ دے گا بلکہ مسلم دنیا کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور یکجہتی کو بھی مزید مضبوط کرے گا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس تاریخی معاہدے کو اپنی برکتوں سے نوازے اور اسے تینوں ممالک کے عوام کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ بنائے۔ صدر مملکت نے مسلم امہ کی سلامتی، دائمی امن، اتحاد اور خوشحالی کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔



