ملازمتوں میں جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا،پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن کا الزام

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)پیپلز پارٹی امن آباد کے دیرینہ کارکن امجد جروار نے اپنے 11 سالہ معصوم بیٹے عذیر علی کے ہمراہ ٹنڈو باگو پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے فریاد کی ہے کہ انہیں ضلع بدین میں ملنے والی ملازمتوں میں جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا ہے.امجد جروار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے پرانے اور وفادار کارکن ہیں۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے وقت احتجاج کرنے پر انہیں گرفتار کیا گیا اور جھوٹے مقدمات بنا کر جیل میں ڈالا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے میر اللہ بخش تالپور کے تین بار پولنگ ایجنٹ بھی رہ چکے ہیں اور ان کا پورا خاندان پارٹی سے وابستہ ہے امجد جروار نے آبدیدہ ہوتے ہوئے بتایا کہ ان کا معصوم بیٹا عذیر علی پیدائشی طور پر آنتوں کی بیماری میں مبتلا ہے۔ بچے کے کراچی میں دو آپریشن ہو چکے ہیں اور ڈاکٹروں کے مطابق تیسرا آپریشن بھی ضروری ہے۔ انہیں ہر ماہ بچے کے چیک اپ کے لیے کراچی جانا پڑتا ہے، لیکن بے روزگاری کے باعث اب ان کے پاس اتنے پیسے بھی نہیں کہ وہ کرایہ ادا کر کے بچے کو علاج کے لیے ہسپتال لے جا سکیں انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے جاری کردہ بدین ضلع کی ملازمتوں کی فہرست میں ان کا نام موجود تھا، لیکن ڈی سی بدین نے بغیر کسی وجہ کے ان کا نام فہرست سے نکال دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نوکریاں 10 سے 15 لاکھ روپے کے عوض بڑے زمینداروں کی اولاد کو فروخت کی گئی ہیں، جبکہ ان جیسے وفادار کارکنوں کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے امجد جروار نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کی ہے کہ انہیں فوری انصاف فراہم کیا جائے اور ڈی سی بدین کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ان کے ساتھ انصاف نہ ہوا تو وہ ڈی سی آفس کے سامنے خود کو آگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیں گے

مزید خبریں

Back to top button