غلط اطلاع پر اہم سرکاری شخصیت کے گھر چھاپہ، ایس ایچ او سمیت 12 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) صوبائی دارالحکومت لاہور میں غلط اطلاع پر ایک اہم سرکاری شخصیت کی نجی رہائش گاہ پر چھاپہ مارنے کے معاملے میں ایس ایچ او سمیت 12 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ تمام متعلقہ اہلکاروں کو معطل بھی کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کینٹ کے علاقے میں واقع ایک اہم سرکاری شخصیت کی رہائش گاہ پر مبینہ طور پر قحبہ خانہ چلنے کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا، تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ کارروائی غلط اطلاع کی بنیاد پر کی گئی تھی۔
واقعے کا اعلیٰ حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سرور روڈ عرفان اور کارروائی میں شامل دیگر 11 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ایس ایچ او عرفان، متعلقہ تھانیدار اور دیگر اہلکاروں کے خلاف سب انسپکٹر مشتاق کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ تمام متعلقہ اہلکاروں کو چارج شیٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او نے غلط گھر پر چھاپہ مارا، جس کے باعث اس کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں تاکہ ذمہ داروں کا مکمل تعین کیا جا سکے۔



