ڈہرکی پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک، اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد

ڈہرکی(رپورٹر وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے)ڈہرکی پولیس نے تھانہ داد لغاری کی حدود سھریانی چوک کے قریب ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے میں ایک ملزم کو ہلاک کر دیا جبکہ اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح نامعلوم مسلح افراد نے اسکول جاتے ہوئے دو بچوں عبدالقدیر ولد حاجی پتافی اور اعجاز ولد ریاض پتافی سے موٹر سائیکل چھین لی تھی۔ اطلاع ملنے پر تھانہ داد لغاری پولیس فوری طور پر ملزمان کے تعاقب میں روانہ ہوئی اور واقعے کی اطلاع تھانہ ڈہرکی پولیس کو بھی دی گئی۔

ایس ایچ او تھانہ ڈہرکی صفیع اللہ انصاری نے اسٹاف کے ہمراہ فوری ناکہ بندی کی، جس کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کیا جا رہا تھا کہ اس کے دیگر 2 سے 3 ساتھیوں نے اسے چھڑانے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

جوابی کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران گرفتار ڈاکو اختر ولد بیربل شیخ ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک پسٹل اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال ڈہرکی منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے، مزید نفری طلب کر لی گئی ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے بروقت کارروائی کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button