بدین میں کینسر سے جنگ لڑنے والا پولیس کانسٹیبل پرویز کھوسو انتقال کر گیا

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)کینسر کے موذی مرض میں مبتلا نوجوان پولیس کانسٹیبل فوت۔ آبائی گاؤں میں سوگ، ایس ایس پی بدین کا اظہارِ افسوس۔شادی لارج کے قریب کی ٹی کے نواحی گاؤں فقیر غلام محمد کھوسو کے رہائشی سندھ پولیس کے کمانڈو کانسٹیبل پرویز علی کھوسو کینسر کے موذی مرض سے طویل عرصہ تک بہادری سے مقابلہ کرنے کے بعد انتقال کر گئے۔ مرحوم تین معصوم بچوں کے والد اور اپنے خاندان کے واحد کفیل تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سے گھر میں کہرام مچ گیا جبکہ پورا گاؤں سوگ کی فضا میں ڈوب گیا۔ اہل خانہ کے مطابق پرویز علی کھوسو گزشتہ کئی ماہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ محدود مالی وسائل کے باعث ان کے والدین اور اہل خانہ انہیں مہنگے اور جدید علاج کے لیے بڑے شہروں کے اسپتالوں تک نہ لے جا سکے۔ بعد ازاں انہیں علاج کی غرض سے انڈس اسپتال بدین منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔ اہل خانہ انہیں واپس آبائی گاؤں لے جا رہے تھے کہ راستے میں وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی میت جب گاؤں پہنچی تو گھر میں کہرام مچ گیا، خواتین زار و قطار روتی رہیں جبکہ عزیز و اقارب، دوست احباب اور اہل علاقہ غم میں ڈوب گئے۔ گاؤں میں ہر طرف سوگ کی کیفیت طاری ہو گئی اور مرحوم کی خوش اخلاقی، فرض شناسی اور ملنسار طبیعت کو یاد کیا جاتا رہا۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر حر جماعت لاڑ چوکی کے مکھ خلیفہ فقیر لال بخش احمدانی، حر جماعت کے کارکنوں، بدین اور ٹنڈوباگو سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں مرحوم کو ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ مقامی افراد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرویز علی کھوسو ایک فرض شناس اور خوش اخلاق پولیس اہلکار تھے، تاہم شدید بیماری کے دوران محدود مالی وسائل کے باعث انہیں مکمل اور بروقت علاج کی سہولت میسر نہ آ سکی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دورانِ ملازمت سنگین بیماریوں میں مبتلا پولیس اہلکاروں کے علاج اور مالی معاونت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں کسی اہلکار کو ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دریں اثنا ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے کانسٹیبل پرویز علی کھوسو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

مزید خبریں

Back to top button