عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا لیکن ہماری فتح مخالفین کو ہضم نہیں ہورہی،عطا تارڑ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہےکہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو سادہ اکثریت حاصل ہوگئی لیکن مسلم لیگ ن کی فتح مخالفین کو ہضم نہیں ہورہی۔
عطاتارڑنے پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ شرجیل انعام میمن کی طرف سے بے بنیاد الزامات لگائے گئے، الزامات لگانے والے شواہد بھی پیش کریں۔ 2024 انتخابات پر سوال اٹھائیں گے تو سندھ پر بھی سوال اٹھیں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا سیاسی نوک جھونک جمہوریت کا حصہ ہے لیکن برداشت، تحمل اور رواداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ان لوگوں کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کےلیے کچھ نہیں تھا۔
عطاتارڑ نے کہا عوام نے انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، عوام نے تعمیر و ترقی اور کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی ترقی کو ترجیح دی، وزیر اعظم نےگلگت بلتستان میں کامیابی پر پیپلز پارٹی کو مبارکباد دے کر اچھی روایت قائم کی، آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کو تسلیم کرنا چاہیے۔
پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزيب نے کہا ہےکہ پنجاب میں دس میں مہاجرین کی دس نشستوں پہ مسلم لیگ ن کی فتح مریم نواز شریف کی کارکردگی اور محنت کی فتح ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کشمیریوں نے مریم نواز شریف کے حق میں فیصلہ سُنا دیا ہے، ن لیگ پونچھ ڈویژن انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے ، جبکہ کوئی اور پونچھ میں بھی رونے کے لیے تیار ہے۔



