پاکستان ترقی کے مشن میں جلد چین کے ہمقدم ہوگا،وزیر اعظم شہبازشریف

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف   نے چین کے سرکاری کےد ورہ کے موقع پر آج ہانگژو میں مختلف اہم چینی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کیں ہیں۔

چین کے کارپوریٹ شعبے کے ساتھ روابط کے فروغ کے سلسلے میں وزیراعظم نے شینگ ہوا نینگ یوان کے جی کمپنی، CATL، اسٹارچارج اور شیوژینگ فارماسیوٹیکل گروپ کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم نے شینگ ہوا نینگ یوان کے جی کمپنی (Sheng Huo Neng Yuan Ke ji) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ایگنس سیو (Agnes Siu) سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں ابھرتی ہوئی قابلِ تجدید توانائی کی مارکیٹ اور اس شعبے میں بڑھتی ہوئی طلب کو اجاگر کیا۔ انہوں نے خاص طور پر شمسی توانائی کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے پالیسی اقدامات پر روشنی ڈالی۔

وزیراعظم نے CATL کے ایگزیکٹو صدر مسٹر آسکر لوؤ (Oscar Luo) سے بھی ملاقات کی۔ CATL کے ساتھ گفتگو میں جدید بیٹری ٹیکنالوجی، توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور شمسی توانائی سے منسلک حلوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی تاکہ پاکستان کی صاف توانائی کی جانب منتقلی میں مدد فراہم کی جا سکے۔

وزیراعظم کی اسٹارچارج (Starcharge) گروپ کی چیئرپرسن ڈین وے شاؤ (Danwei Shao) سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر اور اسمارٹ موبیلیٹی سسٹمز پر تعاون پر گفتگو کی گئی۔

شیوژینگ فارماسیوٹیکلز (Xiuzheng Pharmaceuticals) کے صدر مسٹر ژن یوان (Xin Yuan) نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ شیوژینگ فارماسیوٹیکل گروپ کے ساتھ گفتگو میں دواسازی کی صنعت، صحت کے شعبے میں تعاون اور پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے طبی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع زیرِ بحث آئے۔

ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے، نئی پیداواری فیکٹریوں کے قیام اور پہلے سے موجود فیکٹریوں و پلانٹس کی توسیع کے امکانات پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

تمام ملاقاتوں میں وزیراعظم نے پاکستان میں کاروبار میں آسانی کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان اور چین کے درمیان موجود برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button