حکومت اور اپوزیشن کے سیاسی رابطے بحال،وزیر اعظم کی محموداچکزئی اور اسد قیصر سے گفتگو

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان غیر معمولی سیاسی رابطے ہوئےجبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے نہ صرف اپوزیشن رہنماؤں سے مصافحہ کیا بلکہ اہم قومی امور پر مشاورت کے لیے دو مرتبہ اپوزیشن بینچوں کارخ کیا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مفاہمتی انداز نمایاں رہا۔ ایوان میں آمد کے بعد وزیراعظم خود اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی نشستوں پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔

وزیراعظم نے ایران اور امریکہ سے متعلق صورتحال پر قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متفقہ قرارداد لانے کی تجویز دی۔ خطاب کے بعد وزیراعظم ایک بار پھر اپوزیشن بینچوں پر پہنچے جہاں انہوں نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سے ملاقات کی۔

اس دوران اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے مطالبات وزیراعظم کے سامنے رکھے جبکہ وزیراعظم نے کچھ دیر کھڑے ہو کر ان سے مشاورت کی۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو اپنے پاس بلا کر ہدایات دیں۔ دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف بھی اپوزیشن رہنماؤں کی نشستوں پر پہنچے اور ان سے مشاورت کی، جبکہ رانا ثناء اللہ نے بھی اپوزیشن قیادت سے ملاقات کی۔

مزید خبریں

Back to top button