نواز شریف کا آزاد کشمیر کیلئے بڑا حکم، پہلے 100 دن کا اصلاحاتی پلان تیار، ترقی کا نیا روڈ میپ سامنے آگیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے آزاد جموں و کشمیر میں ترقی اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کے ساتھ شیئر کردیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی اور انتظامی صورتحال سمیت عوامی مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے اظہار اعتماد پر شکریہ ادا کیا۔

نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے افتخار گیلانی اور طارق فاروق کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آزاد کشمیر میں 100 دن کا نیا منصوبہ

ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔ نواز شریف نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی شعبوں میں بہتری کے لیے پہلے 100 دنوں کے اصلاحاتی منصوبے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے کا مقصد آزاد کشمیر میں حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانا، بنیادی سہولیات کی فراہمی کو مؤثر کرنا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے واضح ترجیحات طے کرنا ہے۔

’’آزاد کشمیر کو پنجاب کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن کریں‘‘

محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کی حکومت کو ہدایت کی کہ خطے کو بھی پنجاب کی طرح جدت، ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔

نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر میں عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ صحت، تعلیم، صفائی اور انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور حکومتی اقدامات کے ثمرات براہ راست عام شہریوں تک پہنچائے جائیں۔

مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے آزاد کشمیر کی نئی سیاسی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت خطے میں ترقی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے کو آگے بڑھائے گی۔

100 روزہ اصلاحاتی پلان اور پنجاب کے ترقیاتی ماڈل سے آزاد کشمیر میں جدت لانے کی ہدایت نے خطے کی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، اب نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ نئے سیٹ اپ کی جانب سے پہلے 100 دنوں میں کون سے بڑے فیصلے اور عملی اقدامات سامنے آتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button