پمز میں سانحے سے پہلے 7 سال تک فائر سیفٹی وارننگز، انتظامیہ کو بار بار خبردار کیا جاتا رہا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پمز ہسپتال میں حالیہ آتشزدگی کے سانحے کے بعد اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، ریکارڈ کے مطابق کیپٹل فائر سروسز کی جانب سے 2018 سے پمز انتظامیہ کو فائر سیفٹی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایات اور انتباہات جاری کیے جاتے رہے، تاہم مطلوبہ اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے سوالات برقرار ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ فائر سیفٹی ونگ نے 15 فروری 2018 کو پمز کا تفصیلی فائر آڈٹ کیا اور رپورٹ ہسپتال انتظامیہ کو بھجوائی، جس میں فائر سیفٹی سے متعلق خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

بعد ازاں 17 مئی 2018 کو فائر سیفٹی کمپلائنس نوٹس جبکہ 2 جولائی 2019 کو پری انسپکشن نوٹس جاری کیا گیا۔

ریکارڈ کے مطابق 8 جون 2023 کو پمز کے لیے ’’ہیزرڈ الرٹ‘‘ بھی جاری کیا گیا، جس میں دیگر خامیوں کے علاوہ ایمرجنسی راستوں کی بندش اور کھلی وائرنگ کی نشاندہی کی گئی۔ فائر سیفٹی حکام نے ہسپتال انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کے حوالے سے متنبہ کیا۔

9 مئی 2024 کو پمز انتظامیہ کو فائر سیفٹی پلان اور فائر ڈرلز یقینی بنانے کے لیے 3 ماہ کی حتمی مہلت دی گئی۔ عدم تعمیل کی صورت میں جرمانے اور عمارت سیل کرنے کی وارننگ بھی دی گئی۔

ریکارڈ کے مطابق 10 نومبر 2025 کو جاری حتمی نوٹس میں فائر سیفٹی سے متعلق مطلوبہ اقدامات نہ کیے جانے کو ’’دانستہ غفلت‘‘ قرار دیا گیا اور خبردار کیا گیا کہ حفاظتی انتظامات مکمل نہ ہونے کی صورت میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی تمام تر ذمہ داری ہسپتال انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

فائر سیفٹی سے متعلق اہم وارننگز اور نوٹسز پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کو بھی موصول کرائے گئے، جبکہ ان کی نقول وزارت صحت، کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ، میونسپل کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے کے متعلقہ حکام کو بھی ارسال کی جاتی رہیں۔

پمز انتظامیہ کو مختلف اوقات میں فائر سیفٹی نظام بہتر بنانے، حفاظتی راستے بحال رکھنے، فائر سیفٹی پلان مرتب کرنے اور فائر ڈرلز یقینی بنانے سمیت متعدد اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔

تاہم ان ہدایات پر مکمل عملدرآمد ہوا یا نہیں، اس کا تعین متعلقہ ریکارڈ اور ذمہ دار حکام کے مؤقف کی روشنی میں کیا جانا ہے۔

پمز میں حالیہ آتشزدگی کے تناظر میں برسوں پر محیط فائر سیفٹی نوٹسز اور وارننگز نے ہسپتال کے حفاظتی انتظامات، ہدایات پر عملدرآمد اور متعلقہ اداروں کی نگرانی کے حوالے سے اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button