برطانیہ جانے والے مسافروں کیلئے خوشخبری، پی آئی اے نے لاہور مانچسٹر ڈائریکٹ فلائٹ شروع کر دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا، جس سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سفری سہولت میں نمایاں بہتری ملے گی۔

ترجمان کے مطابق لاہور سے مانچسٹر کی افتتاحی براہِ راست پرواز پی کے 709 روانہ ہو گئی۔ اس موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی، کیک کاٹا گیا جبکہ پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے مسافروں کو الوداع کیا۔

افتتاحی پرواز کے ذریعے 325 مسافر مانچسٹر روانہ ہوئے، جبکہ اس سے قبل مانچسٹر سے لاہور کی پہلی پرواز گزشتہ رات روانہ ہوئی تھی، جسے پی آئی اے کی مقامی انتظامیہ اور مانچسٹر ایئرپورٹ گروپ کے حکام نے الوداع کیا۔

مسافروں نے لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

پی آئی اے کے مطابق اس نئی سروس کے آغاز کے بعد پاکستان اور مانچسٹر کے درمیان قومی ایئر لائن کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے، جن میں چار پروازیں اسلام آباد سے جبکہ ایک پرواز لاہور سے آپریٹ کی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نئی براہِ راست پروازیں دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی۔

مزید خبریں

Back to top button