خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف درخواستوں پر سماعت، پشاور ہائیکورٹ نے 10 نومبر تک ملتوی کر دی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف دائر درخواستوں پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے درخواست گزاروں کے مؤقف اور ایمرجنسی کے دائرہ کار سے متعلق سوالات اٹھائے۔
دورانِ سماعت عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ انہیں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ پر کس حد تک اعتراض ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ خیبرپختونخوا میں صرف ضم شدہ اضلاع کی حد تک گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ درست ہے۔
عدالت نے مزید استفسار کیا کہ کیا درخواست میں نیشنل ایکشن پلان کا ذکر کیا گیا ہے؟ عدالت نے سوال اٹھایا کہ اگر متعلقہ حکام سے جواب طلب کیا جائے تو اس کی قانونی بنیاد کیا ہوگی۔
سماعت کے دوران ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق قانونی نکات پر گفتگو ہوئی۔ بعدازاں پشاور ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی۔



