ایران جنگ میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتیں پینٹاگون کے اعداد سے زیادہ ہونے کا انکشاف

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے خلاف امریکا و اسرائیل کی جاری جنگ میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد پینٹاگون کے سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق 6 امریکی حکام نے بتایا ہے کہ ایران جنگ کے دوران کم از کم 22 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جو پینٹاگون کے عوامی ڈیٹا بیس میں درج 18 ہلاکتوں سے 4 زیادہ ہیں۔ ایک اور امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد 23 تک ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تمام غیر ظاہر شدہ ہلاکتیں براہِ راست جنگی کارروائیوں سے منسلک نہیں، تاہم یہ ایسے امریکی اہلکاروں کی ہیں جو خطے میں جاری جنگی صورتحال کے دوران موجود تھے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایران جنگ کے آغاز سے اب تک خطے میں تعینات 3 امریکی کنٹریکٹرز بھی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ پینٹاگون نے ہلاکتوں کے اعداد و شمار میں فرق سے متعلق سوالات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پینٹاگون کے ڈیفنس کژولٹی اینالیسس سسٹم (DCAS) میں 18 امریکی فوجی ہلاکتیں درج ہیں، جبکہ مزید ہلاکتوں کی تفصیلات اور یہ واضح نہیں کہ وہ کب، کہاں اور کس طرح پیش آئیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایران جنگ کے آغاز سے اب تک 820 سے زائد امریکی فوجی زخمی بھی ہو چکے ہیں، جن میں متعدد اہلکار ایرانی جوابی حملوں کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔



