پنجاب میں بارشوں کا نیا اسپیل، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری، ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ دو روز کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، ساہیوال، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح اوکاڑہ، قصور، نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں بھی بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ متوقع بارشوں کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، لہٰذا متعلقہ ادارے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آسمانی بجلی اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں، گردوغبار اور تیز آندھی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، جبکہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاح موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزید خبریں

Back to top button