پنجاب میں مون سون کا نواں اور آخری سپیل، 17 ستمبر تک بارشوں کا الرٹ جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری سپیل کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا، صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج سے 17 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ لاہور، قصور، شیخوپورہ، نارووال، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں نکاسی آب کے انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی کل شام سے 16 ستمبر تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں موسمی سرگرمیاں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی 14 سے 16 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔



