پی ڈی ایم اے کا فلڈ الرٹ، دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب، 24 جولائی تک پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے چناب کے بعض مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ 24 جولائی تک پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خانکی میں پانی کی آمد ایک لاکھ 25 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 17 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قادر آباد میں پانی کی آمد ایک لاکھ 46 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 27 ہزار کیوسک رہا۔

ترجمان نے بتایا کہ دریائے چناب کے مرالہ، تریموں اور پنجند، دریائے راوی کے جسڑ، شاہدرہ، ہیڈ سدھنائی اور بلوکی، دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور ہیڈ اسلام اور دریائے سندھ کے تربیلا، کالا باغ، تونسہ اور چشمہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے۔ اسی طرح ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں بھی اس وقت صورتحال نارمل ہے۔

ندی نالوں اور شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں دریائے راوی اور دریائے چناب سے ملحقہ ندی نالوں، جن میں بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا شامل ہیں، میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ادارے نے ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی وارننگ بھی جاری کی ہے، جبکہ لاہور، گجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

شہری محفوظ مقامات پر منتقل ہوں: ڈی جی پی ڈی ایم اے

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرین کو رہائش، خوراک، صاف پانی، طبی سہولیات اور ضروری ادویات فراہم کی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button