پی سی بی نے ایشین لیجنڈز لیگ میں شرکت کرنے والے سابق کرکٹرز کو خبردار کر دیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زیمبیا میں جاری ایشین لیجنڈز لیگ میں نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کیے بغیر شرکت کرنے والے سابق پاکستانی کرکٹرز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے اس غیر منظور شدہ ٹورنامنٹ میں سابق قومی کرکٹرز کی شرکت کا سخت نوٹس لیا اور جو بھی سابق کھلاڑی پیشگی اجازت اور این او سی کے بغیر اس ایونٹ میں شریک پایا گیا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔پی سی بی کے مطابق ایسے کھلاڑیوں پر دو سال تک کسی بھی منظور شدہ غیر ملکی لیگ یا کرکٹ ایونٹ کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وہ دو سال تک پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوچنگ، مشاورت، مینٹورنگ یا کسی بھی دوسرے عہدے کے لیے نااہل ہوں گے۔



