حج 2027 کے عازمین کے لیے خوشخبری، پاسپورٹ کی قبل از وقت تجدید کی سہولت فراہم

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزارتِ مذہبی امور کی کاوشوں سے حج 2027 کے خواہشمند عازمین کے لیے پاسپورٹ کی قبل از وقت تجدید کی اہم سہولت فراہم کر دی گئی ہے، جس کے لیے پاسپورٹ آفس نے باقاعدہ احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کے لیے ایسے پاکستانی پاسپورٹ کا مؤثر ہونا لازمی ہوگا جو 16 نومبر 2027 تک کارآمد ہو۔

وزارت کی درخواست پر تمام پاسپورٹ دفاتر کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ عازمین حج کی قبل از وقت پاسپورٹ تجدید کی درخواستیں وصول کریں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹائیں۔

ترجمان نے بتایا کہ عازمین حج پاسپورٹ رولز 3(c) کے تحت مقررہ مدت سے پہلے بھی اپنے پاسپورٹ کی تجدید کرا سکیں گے، تاکہ حج درخواست جمع کرانے کے وقت کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

اس سلسلے میں ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک پاکستانی سفارت خانوں اور مشنز میں قائم پاسپورٹ دفاتر کو بھی تجدید کی درخواستوں پر فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزارتِ مذہبی امور نے تمام خواہشمند عازمین حج کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آئندہ مراحل کی تیاری کے لیے 16 نومبر 2027 تک کارآمد پاکستانی پاسپورٹ پہلے سے تیار رکھیں، کیونکہ مؤثر پاسپورٹ کے بغیر حج 2027 کے لیے کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button