جرمنی کا ایران کے خلاف سخت سفارتی اقدام، یہودی شخصیات کے قتل کی مبینہ سازش پر ایرانی سفیر طلب

برلن (جانو ڈاٹ پی کے)جرمن وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ ایران سے وابستہ دو افراد نے جرمنی میں یہودی شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی، جسے بروقت ناکام بنا دیا گیا۔ حکام کے مطابق اس کارروائی سے ممکنہ طور پر بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

جرمن وزارت خارجہ کے مطابق ہیمبرگ کی عدالت کی جانب سے دونوں ملزمان کو قاتلانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد ایرانی سفیر کو طلب کیا گیا اور اس معاملے پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ دونوں افراد ایرانی انٹیلی جنس حکام کی ہدایات پر کام کر رہے تھے۔ جرمن حکام نے ایرانی سفیر پر واضح کیا کہ جرمنی کے آزاد معاشرے کو دھمکانے یا یہودی برادری کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جرمن وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ یہودیوں کی زندگیوں اور ان کے دفاع میں آواز اٹھانے والوں پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے، خواہ ایسے واقعات دنیا کے کسی بھی حصے میں پیش آئیں۔

رپورٹ کے مطابق جمعرات کو عدالت نے ڈنمارک اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے دو شہریوں کو جرمنی میں یہودی برادری کی مرکزی تنظیم اور جرمن اسرائیلی سوسائٹی کے سربراہان کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزام میں مجرم قرار دیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایران کی مبینہ ہدایات کے تحت اسرائیل کے حامی اہم شخصیات کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

مزید خبریں

Back to top button