وفاقی کابینہ کا بڑا فیصلہ، پاسکو کو دسمبر 2026 تک مرحلہ وار ختم کرنے کی منظوری


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی کابینہ نے پاکستان ایگری کلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن لمیٹڈ (پاسکو) کو دسمبر 2026 تک مرحلہ وار ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاسکو کے ملازمین کے لیے خصوصی مالی پیکیج بھی منظور کیا گیا ہے، جس کے لیے 4 ارب 18 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق پاسکو میں تقریباً 1100 ریگولر ملازمین کام کر رہے ہیں، جبکہ سیلاب سے متاثرہ گندم کے ذخائر کو بھی نیلام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اس سے قبل پاسکو کی تنظیم نو اور ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کرتی رہی، تاہم اب وفاقی کابینہ نے ادارے کو مرحلہ وار ختم کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔