پاک سعودی زرعی تعاون میں بڑابریک تھرو!گوشت،چاول سمیت4شعبوں میں برآمدات بڑھانے کافیصلہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو نئی رفتار دینے کی تیاریاں، دونوں ممالک نے خوراک کے چار اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ سعودی وزیر برائے ماحولیات و زراعت عبدالرحمن الفضلی کے جلد پاکستان کے دورے کا امکان ہے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت پاک سعودی زرعی تجارت کے فروغ کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، سیکریٹری کامرس، سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی، چیئرمین سی ڈی اے اور وزارت خارجہ کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سعودی وزیر برائے ماحولیات و زراعت عبدالرحمن الفضلی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ حکام کے مطابق سعودی وزیر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

اجلاس کے دوران سعودی وفد کے نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر کے دورے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جہاں وفد کو پاکستان میں زرعی تحقیق اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

پاکستان اور سعودی عرب نے خوراک کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے گوشت، چاول، پروسیسڈ فوڈ اور حیوانی چارے کو ترجیحی شعبوں میں شامل کرلیا ہے۔ ان شعبوں سے متعلق پاکستانی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت کو وسعت دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر کا دورہ پاکستان کیلئے زرعی برآمدات اور سعودی سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھول سکتا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات بھی تیز کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button