شاباش پاک بحریہ!بھارتی عملے کو کھلے سمندرمیں بچالیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاک بحریہ نے بحیرۂ عرب میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریسکیو آپریشن شروع کر رکھا ہے، جس کے دوران “ایم وی گوتم” پر موجود6بھارتی اور ایک انڈونیشیائی عملے کو ہنگامی امداد فراہم کر رہے ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق عمان سے بھارت جانے والے ایم وی گوتم میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے پر میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر ممبئی نے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا۔اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز “کشمیر”کو امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا۔ذرائع کے مطابق جہاز پر موجود غیر ملکی عملے کو خوراک،طبی امداداورتکنیکی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ وہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر مددکیلئے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہے۔



