طالبعلم مبشر لغاری کی بازیابی کیلئے ماتلی میں احتجاجی ریلی

ماتلی(رپورٹ ایم آر گدی/جانو ڈاٹ کام پی کے)حیدرآباد سے6روز قبل مبینہ طور پر لاپتہ آئی ٹی کے فرسٹ ایئر کے طالبعلم مبشر لغاری کی بازیابی کیلئے ماتلی میں شہریوں اور طلبہ کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرکے شدید نعرے بازی کی گئی۔ ریلی المصطفیٰ چوک سے شروع ہوئی جو شہر کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی ماتلی پریس کلب پہنچی، جہاں مظاہرین نے مبشر لغاری کی فوری بازیابی کے حق میں احتجاج ریکارڈ کرایا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امام الدین، اورنگزیب، عبدالرافع، علی حیدر، صابر، امجد اور عنایت اللہ سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ مبشر لغاری آئی ٹی کے پہلے سال کا نہایت ذہین اور باصلاحیت طالبعلم ہے جس کا کسی بھی سیاسی، مجرمانہ یا مشتبہ سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ اس کے والد جامعہ کے شعبہ فزکس کے سربراہ ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مبشر لغاری کو چھ روز قبل حیدرآباد سے مبینہ طور پر زبردستی لاپتا کیا گیا، جس کے بعد سے اہل خانہ شدید ذہنی کرب میں مبتلا ہیں اور مسلسل اس کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مبشر لغاری کسی مقدمے میں مطلوب ہے تو قانون کے مطابق اسے منظرعام پر لاکر عدالت میں پیش کیا جائے، تاہم اسے نامعلوم مقام پر رکھنا اور مبینہ تشدد کا نشانہ بنانا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور آئین و قانون سے انحراف ہے۔ مظاہرین نے وفاقی و صوبائی حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ مبشر لغاری کو فوری طور پر بازیاب کراکے منظرعام پر لایا جائے، ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔#



