پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ و حاضر ملازمین کے 21 ارب 36 کروڑ روپے کے واجبات تاحال ادا نہ ہو سکے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ریلوے کے مالیاتی کارکردگی میں بہتری کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،ادارے میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس ملازمین کے 21ارب 36کروڑ روپے کے واجبات تاحال بقایا ہیں، واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر وزارتِ ریلوے اور وزارتِ خزانہ آمنے سامنے آ گئیں ۔
وزارتِ ریلوے نے سارا ملبہ وزارتِ خزانہ پر ڈالتے ہوئے تمام دستاویزات قومی اسمبلی میں جمع کروا دی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق مارچ دو ہزار تئیس کے بعد ریٹائر ہونے والے ریلوے ملازمین کو اب تک واجبات ادا نہیں کیے جا سکے۔ ریٹائرڈ ملازمین کے پانچ ہزار پانچ سو اٹھتر گریجویٹی کلیمز کی مد میں دس ارب روپے جبکہ وزیرِ اعظم معاونت پیکج کے تحت چار ہزار ایک سو پینتیس کلیمز کی مد میں سات ارب باون کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ اس کے علاوہ میرج گرانٹ کی مد میں ایک ارب اٹھارہ کروڑ اور بنیوولنٹ فنڈ کی مد میں ایک ارب باون کروڑ روپے کے بقایاجات ہیں۔ وزارتِ ریلوے کے مطابق متعدد درخواستوں کے باوجود وزارتِ خزانہ نے اضافی فنڈز مختص نہیں کیے۔ آٹھ ارب انیس کروڑ روپے کی اضافی گرانٹ کی سمری دسمبر دو ہزار پچیس سے زیرِ التوا ہے ۔ گزشتہ پانچ ماہ سے اسے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے ایجنڈے پر بھی نہیں لایا گیا۔ دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال ریلوے کا ریونیو ترانوے ارب روپے تھا جبکہ حکومت سے گرانٹ کی مد میں چونسٹھ ارب روپے وصول کیے گئے ۔



