اسلام کوٹ میں ڈینگی کیس ظاہر ہونے کے بعد محکمہ صحت کی ہنگامی کارروائی، اسپرے اور آگاہی مہم تیز

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) تعلقہ اسلام کوٹ کے گاؤں گلو جو تڑ یونین کونسل بپوہار اور اسلام کوٹ ٹاؤن میں ڈینگی کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ضلعی صحت افسر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی کی ہدایت پر ڈی ایچ او آفس تھرپارکر کی ویکٹر بورن ڈیزیز (VBD) ٹیم کی جانب سے ہنگامی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ وی بی ڈی ٹیم نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے عوام کو ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی اور مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے عملی مظاہرے بھی کیے۔ ٹیم کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ویکٹر سروے، پانی کے تالابوں اور نکاسی کے مقامات پر لاروہ کش ادویات کا اسپرے کیا گیا، جبکہ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں میں لانگ لاسٹنگ انسیکٹی سائیڈ نیٹس (LLINs) بھی تقسیم کی گئیں۔ محکمہ صحت کے مطابق گاؤں گلو جو تڑ میں 14 گھروں کے 23 کمروں اور اسلام کوٹ ٹاؤن میں 18 گھروں کے 42 کمروں میں انڈور ریزیڈیول اسپرے (IRS) کیا گیا۔ کارروائی میں مسٹر گلاب رائے (AMS VBD)، عرفان فقیر ملیریا سپروائزر، مہر پورٹر اور ڈرائیور ابراہیم کمبھار شامل تھے۔ ضلعی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ڈینگی کے خلاف مہم جاری ہے اور عوام کو گھروں اور اطراف میں صفائی برقرار رکھنے، کھڑا پانی ختم کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب ڈی ایچ او تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی کا کہنا ہے کہ پورے ضلعی کے اندر کہیں بھی صحت کے حوالے سے شکایات ہو تو فوری اطلاع دی جائے، ہماری ٹیمیں الرٹ ہیں، عوام کو بہتر علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔



