پاک بحریہ کا مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پاک بحریہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ جہاز سے داغے جانے والے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل نے تیز رفتاری کے ساتھ طویل فاصلے پر اپنے ہدف کو انتہائی درستی سے نشانہ بنایا، میزائل جدید گائیڈنس سسٹم اور اعلیٰ رفتار سے لیس ہے، دور تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے سینئر سائنسدانوں اور انجینئرز کے ہمراہ اس میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا، کامیاب تجربہ بحری دفاع اور ٹیکنالوجی میں اہم سنگِ میل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیاب تجربہ پاکستان نیوی کی دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت نے مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ میزائل کے کامیاب تجربہ پر مبارک باد دی اور اسے سمندری حدود کے دفاع میں اہم پیشرفت قرار دیا۔



