11 سال بعد مالدیپ کے صدر پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات آج ہوگی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر منگل کو اسلام آباد پہنچ گئے۔ ان کے دورے کو پاکستان اور مالدیپ کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چودھری اور وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے مالدیپی صدر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
مالدیپ کے صدارتی دفتر کے مطابق صدر ڈاکٹر محمد معیزو کو ایئرپورٹ پر شاندار استقبالیہ دیا گیا، جبکہ ان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔
یہ 11 سال بعد کسی مالدیپی صدر کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک 1966 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں، جس سے اس دورے کی سفارتی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
صدر محمد معیزو کے ہمراہ خاتون اول ساجدہ محمد، کابینہ کے وزرا اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔ صدر مالدیپ کا بدھ کے روز وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبال کیا جائے گا، جہاں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ملاقات اور دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
دوسری جانب مالدیپ کے وزیر خارجہ بھی کابینہ کے وزرا اور سینئر حکام کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ ان کا استقبال ترجمان دفتر خارجہ، ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک، مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور پاکستان میں مالدیپ کے ہائی کمشنر نے کیا۔
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط سے تجارت، تعلیم، بحری امور اور دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہونے کی توقع ہے۔



