پاکستان نے سفارتی میدان میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) معرکہ حق میں بھارت کے خلاف دفاعی کامیابی اور ایران امریکا کشیدگی میں ثالثی کے دعوؤں کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر ایک نئی سفارتی پہچان ملنے کا تاثر سامنے آیا ہے۔
امریکی میڈیا فوکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارت واشنگٹن سے اپنے تعلقات بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے جبکہ پاکستان پہلے ہی خطے اور عالمی سطح پر اپنا سفارتی اثر و رسوخ منوا چکا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جی7 سمٹ کے موقع پر امریکی صدر اور بھارتی وزیراعظم کی ملاقات رسمی نوعیت کی رہی اور اس میں وہ گرمجوشی نظر نہیں آئی جو عام طور پر ایسے مواقع پر دیکھی جاتی ہے۔
بھارتی مبصرین کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ماضی میں بھارت پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کرتا رہا، تاہم اب صورتحال تبدیل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
بھارتی صحافی سریند ساگر کے مطابق بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دنیا میں امن کے لیے اب پاکستان کی طرف زیادہ دیکھا جا رہا ہے، جسے وہ بھارتی سفارتکاری کی ناکامی سے تعبیر کرتے ہیں۔
اسی طرح بھارتی تجزیہ کار آنند رنگناتھن نے بھی سفارتی چیلنجز کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اپنی خارجہ پالیسی پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکے۔



