بجٹ سے قبل حکومت اور تاجروں کے درمیان مشاورت، آسان ٹیکس سکیم پر غور کی یقین دہانی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں آئندہ بجٹ سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کی قیادت میں وفد نے ریٹیل اور ہول سیل شعبے کے لیے ریگولیٹری اصلاحات، انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے اور ٹیکس نظام میں بہتری سے متعلق تجاویز پیش کیں۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں آسان ٹیکس سکیم متعارف کرائی جائے تاکہ تاجر برادری رضاکارانہ طور پر ٹیکس نظام میں بہتر انداز میں شامل ہو سکے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس مشاورتی عمل کا مقصد حکومت اور کاروباری طبقے کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور ایک مشترکہ حکمت عملی کے تحت معاشی نظام کو بہتر بنانا ہے۔
وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے تاجروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیشت اور روزگار کی فراہمی میں تجارتی شعبہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے آسان ٹیکس سکیم کے مطالبے پر غور کی یقین دہانی بھی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف تاجروں کی تجاویز کا جائزہ لیں گے اور ریونیو کے حصول اور تجارتی ترقی کے درمیان توازن قائم رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔



