پاکستان کا جنوبی سوڈان میں فوری جنگ بندی اور شفاف انتخابات کا مطالبہ

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران جنوبی سوڈان میں بگڑتی ہوئی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین پر تجدید شدہ امن معاہدے پر مکمل پاسداری اور فوری جنگ بندی کے لیے زور دیا ہے۔

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پائیدار جمہوریت کے قیام اور انتقالِ اقتدار کی کامیابی کے لیے آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد انتہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات جمہوری عمل کو مکمل کرنے کا واحد ذریعہ ہیں، مگر اس کے لیے ضروری سیاسی، قانونی، سکیورٹی اور مالی تقاضوں میں موجود خلا کو جلد از جلد پُر کرنا ہو گا۔

پاکستانی مندوب نے جونگلے اور اپر نیل سمیت مختلف علاقوں میں جاری بین القبائلی تشدد اور جھڑپوں پر تشویش جتاتے ہوئے فریقین کو اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرنے اور مذاکرات کی میز پر آنے کا مشورہ دیا۔ عاصم افتخار نے اقوامِ متحدہ کے امن مشن (UNMISS) کی خدمات کو سراہتے ہوئے نشاندہی کی کہ مشن اس وقت 9,176 عسکری اہلکاروں کے ساتھ کام کر رہا ہے جبکہ منظور شدہ تعداد 12,500 ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کے تحفظ کی بڑھتی ذمہ داریوں کے پیشِ نظر مشن کی مکمل عسکری صلاحیت کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button