صدر مملکت اور وزیراعظم کا خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ ان کارروائیوں میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں قومی عزم کی عکاس ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ان کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔
حکومتی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔



