پاکستان امریکا، ایران کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا، دفتر خارجہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور فوجی تعطل کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ برادر ممالک کے ساتھ مل کر مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے لیے مخلصانہ اور مربوط کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ہفتہ وار بریفنگ میں طاہر اندرابی نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے 14 اگست کو تہران کا دورہ کیا، جہاں بات چیت میں علاقائی کشیدگی کم کرنے، فوجی تعطل ختم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے تنازع کا حل تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ نائب وزیراعظم نے علاقائی ہم منصبوں سے مسلسل رابطے بھی برقرار رکھے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم نے ترک وزیر خارجہ سے 17، 19 اور 25 اگست کو تین مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتحال اور امن کے لیے مذاکرات و سفارت کاری کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ موجودہ علاقائی چیلنجز کا پائیدار حل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 24 اگست کو تہران کا دورہ کیا، جبکہ پاکستان نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان مخلصانہ کردار ادا کیا ہے جسے ایرانی قیادت نے بھی سراہا ہے۔
طاہر اندرابی کے مطابق پاکستان ایک سال کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کی چیئرمین شپ سنبھالنے کے لیے تیار ہے اور آئندہ سال ایس سی او کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف بشکیک میں ایس سی او کانفرنس میں شرکت کریں گے، جہاں ان کی دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ وزیراعظم کی کرغزستان کی قیادت سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔



