پی ٹی آئی نے اکتوبر تک مارچ مؤخر کرنے کی تجویز دے دی،اچکزئی کا صاف انکار

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے 27 ستمبر کو ہونے والے لانگ مارچ کو اکتوبر تک مؤخر کرنے کی تجویز سامنے آنے کے باوجود قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے مارچ ملتوی کرنے سے اتفاق نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے محمود خان اچکزئی سے رابطہ کرکے پارٹی کی پارلیمانی مشاورت میں سامنے آنے والی تجویز سے آگاہ کیا، جس میں موجودہ حالات کے پیش نظر لانگ مارچ کو اکتوبر کے پہلے ہفتے تک مؤخر کرنے کی بات کی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی نے لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کرنے سے انکار کرتے ہوئے 27 ستمبر سے ملک گیر تحریک شروع کرنے کے مؤقف پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔محمود خان اچکزئی کے مؤقف کے مطابق 27 ستمبر کو خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبوں میں تحریک کا آغاز ہوگا، جس کے بعد اسے مرحلہ وار اسلام آباد کی جانب بڑھایا جائے گا۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے اندر لانگ مارچ کی تاریخ پر مشاورت جاری ہے۔ پارٹی کے بعض رہنماؤں کی جانب سے اکتوبر کے ابتدائی دنوں میں احتجاج منتقل کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، تاہم 27 ستمبر کی کال تاحال باضابطہ طور پر منسوخ نہیں کی گئی۔اس سے قبل بیرسٹر گوہر علی خان بھی 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے پارٹی کے مؤقف پر قائم رہنے اور مارچ کو پرامن رکھنے کی بات کرچکے ہیں، جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے بھی احتجاج کو آئینی اور جمہوری جدوجہد قرار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button