خطے میں جنگ، کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال، پاکستان کی ایران سے درآمدات میں بڑا اضافہ

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال اور کشیدگی کے باوجود پاکستان کی ایران سے درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران درآمدات میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پاکستان نے ایران سے 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی اشیا درآمد کیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران ایران سے درآمدات کا حجم 21 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا تھا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خطے میں جنگ اور کشیدہ حالات کے دوران بھی پاکستان اور ایران کے درمیان درآمدی تجارت جاری رہی۔ گزشتہ مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کی ایران سے درآمدات 12 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ارب 39 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایران سے درآمدات پر انحصار ہر گزرتے سال کے ساتھ بڑھ رہا ہے، جس کا اندازہ گزشتہ چند مالی سالوں کے اعداد و شمار سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 میں ایران سے درآمدات ایک ارب 24 کروڑ 10 لاکھ ڈالر، مالی سال 2023-24 میں ایک ارب 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، مالی سال 2022-23 میں 88 کروڑ ڈالر، مالی سال 2021-22 میں 77 کروڑ 38 لاکھ ڈالر، مالی سال 2020-21 میں 51 کروڑ 86 لاکھ ڈالر جبکہ مالی سال 2019-20 میں ایران سے درآمدات کا حجم 44 کروڑ ڈالر رہا۔
مسلسل بڑھتے ہوئے درآمدی حجم سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی روابط خطے کی غیر یقینی صورتحال کے باوجود برقرار ہیں اور دوطرفہ تجارت میں ایران کی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔



