پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ، وزیراعظم کا خصوصی پیغام

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ ترقی کے اصولوں پر مبنی ہے اور یہ تعلقات وقت کے ساتھ ایک مضبوط “ہر موسم کی تزویراتی شراکت داری” میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدلتے عالمی حالات کے باوجود پاک چین تعلقات مسلسل مضبوط اور اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیراعظم کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے ترقی، غربت کے خاتمے اور جدیدیت کے میدان میں غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں جو ترقی پذیر ممالک کیلئے قابل تقلید مثال ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان “ایک چین” کے اصول پر اپنے مؤقف پر قائم ہے جبکہ سی پیک (CPEC) نے ملک میں توانائی، انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین تعاون اب ڈیجیٹل معیشت، خلائی تحقیق، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں تک وسعت اختیار کر چکا ہے۔

آخر میں وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی آئندہ نسلوں میں مزید مضبوط ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button