پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر اہتمام 51واں انٹرنیشنل نتھیا گلی سمر کالج اختتام پذیر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کے زیر اہتمام 51واں انٹرنیشنل نتھیا گلی سمر کالج کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، جس میں دنیا کے 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز سائنس دانوں، محققین اور طلبہ نے شرکت کی۔

اس بین الاقوامی سائنسی پروگرام کا مقصد مختلف ممالک کے سائنس دانوں، محققین اور طلبہ کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا، سائنسی تجربات اور تحقیق کا تبادلہ کرنا، اور جدید سائنسی موضوعات پر علمی مباحث کو فروغ دینا تھا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے کہا کہ انٹرنیشنل نتھیا گلی سمر کالج حکومت کے "اڑان پاکستان” وژن سے مکمل ہم آہنگ ہے اور ملک میں سائنسی تحقیق، جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نتھیا گلی سمر کالج جیسے عالمی سائنسی فورم میں پاکستان کے مستقبل سے وابستہ جدید ٹیکنالوجیز، تحقیق اور اختراعات کو خصوصی اہمیت دی گئی، جس سے نوجوان سائنس دانوں اور محققین کو عالمی ماہرین سے سیکھنے کا موقع ملا۔

تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ ملکی و غیر ملکی ماہرین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button