بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع سہراب میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت مال مدرسہ کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان ہونے والے آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد کا تعلق فتنہ الہندوستان سے تھا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران 3 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے میر علی اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جبکہ دہشت گردوں کی جانب سے میر علی بازار کے قریب راشن سے لدے ٹرک کو روکنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔

سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button