اوکاڑہ میں مدارس سپورٹس فیسٹیول کا فائنل راؤنڈ، کرکٹ، فٹبال اور بیڈمنٹن کے سنسنی خیز مقابلے اختتام پذیر

اوکاڑہ (رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے ) اوکاڑہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر منعقد ہونے والا 4 روزہ مدارس سپورٹس فیسٹیول جناح کرکٹ اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوگیا، جس میں کرکٹ، فٹبال اور بیڈمنٹن کے فائنل مقابلے کھیلے گئے۔
فٹبال میں مدرسہ دارالفرقان بستی رحیم بخش رینالہ خورد نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ کرکٹ میں جامعہ حنفیہ مدنیہ بصیرپور اور بیڈمنٹن میں مدرسہ دارالقرآن واپڈا کمپلیکس اوکاڑہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
تقریب میں ضلع بھر کے مدارس کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، جسے دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے اور کہا کہ مدارس کے طلبہ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے کھیلوں کے مقابلے نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے انتہائی اہم ہیں۔



