اوکاڑہ بھر میں دفعہ 144نافذ

اوکاڑہ(رپورٹ:وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )سیکرٹری داخلہ حکومت پنجاب ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے سلسلہ میں امن عامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پنجاب کے تمام اضلاع کی طرح ضلع اوکاڑہ میں بھی دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر لاٹھیوں، چاکو، خنجر، نیزے سمیت جارحانہ ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ براہ راست یا بالواسطہ کسی بھی عوامی جذبات اور فرقوں کو مجروح کرنے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر بھی مکمل پابندی ہے۔ سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے فرقہ وارانہ یا مذہبی منافرت کو ہوا دینے، گالی گلوچ یا توہین آمیز الفاظ کے استعمال پر بھی ممانعت ہے۔جلوسوں کے راستوں پر گھروں، عمارتوں اور چھتوں پر مورچوں کی تعمیر اور جلوس کے راستوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں، کوڑا کرکٹ وغیرہ جمع کرنے پر پابندی عائد ہے۔ جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی کھڑے ہونے پر بھی پابندی عائد ہے۔ بزرگ شریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ڈبل سواری کے علاوہ تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا جبکہ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 9 اور 10 محرم الحرام کو ہوگا۔ امن و امان اور مفاد عامہ کے سلسلہ میں لگائی گئی دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کاروائی کی جائے گی

مزید خبریں

Back to top button