سعودی عرب کی اضافی تیل ترسیل کی پیشکش، عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہوگیا

نیو یارک (ویب ڈیسک)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں جمعرات کو ابتدائی کاروبار کے دوران معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بڑی وجہ سعودی عرب کی جانب سے عمان کے راستے اضافی خام تیل کی ترسیل کی پیشکش کو قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 0.04 فیصد کمی کے بعد 105.8 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل 0.08 فیصد کمی کے ساتھ 102.3 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ دوسری جانب اماراتی مربن خام تیل کی قیمت 0.04 فیصد اضافے کے بعد 123.8 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
نسان سیکیورٹیز کے چیف اسٹریٹجسٹ ہیرویوکی کیکوکاوا کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے عمان کے ذریعے اضافی تیل کی ترسیل کی اطلاعات کے بعد عالمی مارکیٹ میں سپلائی میں ممکنہ کمی کے خدشات کسی حد تک کم ہوئے ہیں۔
ان کے مطابق آئندہ ہفتے امریکا اور چین کے سربراہان کی ملاقات سے قبل مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے کی توقعات بھی خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کو محدود کر رہی ہیں۔
رواں ہفتے کے آغاز میں خام تیل کی قیمتیں تقریباً چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔ اس دوران سعودی عرب کی بحیرۂ احمر کی بندرگاہ ینبع سے خام تیل کی برآمدات میں رکاوٹ اور یورپی خریداروں کے لیے بعض کارگو منسوخ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
دوسری جانب امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکا کے خام تیل کے ذخائر میں تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار بیرل کمی ہوئی، جو تجزیہ کاروں کی جانب سے متوقع 16 لاکھ 20 ہزار بیرل کمی سے نمایاں طور پر کم تھی۔



