ایران نے امریکا سے مذاکرات کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا

تہران(ویب ڈیسک) ایران نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر امریکہ کے ساتھ مذاکرات کیلئے اپنی مذاکراتی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق محمد باقر قالیباف مذاکراتی وفد کے سربراہ ہوں گے جبکہ اسماعیل بقائی کو مذاکراتی ٹیم کا ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ تہران سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اختیار کیے ہوئے ہے اور مذاکرات سے متعلق تفصیلات مجاز حکام کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔
ایرانی حکام کے مطابق ایران خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے، بیرون ملک منجمد اثاثوں کی بحالی اور سمندری راستوں پر ایرانی جہازوں کے تحفظ کو مذاکرات کا بنیادی حصہ بنانا چاہتا ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے بھیجے گئے حالیہ پیغامات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بعض معاملات پر فاصلے کم ہوئے ہیں، تاہم اعتماد کی فضا ابھی مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی۔
اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ تہران مذاکرات کو سنجیدگی سے لے رہا ہے لیکن ماضی کے تجربات کے باعث کچھ تحفظات اب بھی موجود ہیں۔



